لکھنؤ :
سماج وادی پارٹی کے صدر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کے نام پر مبینہ طور پر فرضی ٹوئٹر اکاؤنٹ بنا کر نفرت پھیلانے والے نامعلوم افراد کے خلاف یہاں کے گوتم پلی پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ سماج وادی پارٹی نے منگل کو ٹویٹ کرکے یہ معلومات دی۔
ایس پی کے ٹویٹ کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ اور ایس پی کے قومی صدر اکھلیش یادو کے نام سے فرضی ٹوئٹر اکاؤنٹ بنا کر نفرت پھیلانے والوں کے خلاف ایس پی کے ریاستی صدر نریش اتم پٹیل نے ایف آئی آر درج کرائی ہے ۔ ایس پی نے الزام لگایا ہے کہ اقتدار کی پناہ میں امن وامان کو بگاڑنے اور بدنام کرنے کا کھیل چل رہاہے ۔ پٹیل کی شکایت پر یہاں راجدھانی کے گوتم پلی تھانہ میں نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔
پٹیل نے 22 جولائی کو اپنی شکایت میں کہا کہ اکھلیش یادو کے خلاف سازش کرنے کے مقصد سے ان کے نام سے ٹوئٹر پر جھوٹا بیان ڈالا گیا کہ سماج وادی پارٹی کی سرکار بننے کے بعد ایودھیا میں بابری مسجد کی تعمیر کی جائے گی ۔ اتم نے ایسے پیغامات کے اسکرین شاٹ پولیس کو دئے ہیں۔
بتادیں کہ حال ہی میں اداکارہ اور بی جے پی رہنما خوشبو سندر نے منگل کو بتایا تھا کہ ان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک ہوگیا ہے۔ سندر نے ایک بیان میں کہا کہ پچھلے کچھ دنوں سے ، ان کے اکاؤنٹ سےکئے جارہے ٹویٹ یاکوئی بھی دیگر سرگرمی ان کے ذریعہ نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ میں بتانا چاہتی ہوں کہ میرا ٹوئٹر اکاؤنٹ تین دن پہلے ہیک ہو گیا تھا ۔ ہم ٹوئٹر انتظامی دفتر سے اس تعلق سے رابطہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ گزشتہ دنوں سے اکاؤنٹ سے کئے جارہے ٹویٹ یا کوئی بھی سرگرمی میرے ذریعہ نہیں کی گئی۔
بتادیں کہ اسدالدین اویسی کی پارٹی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کا ویری فائڈ ٹوئٹر اکاؤنٹ گزشتہ اتوار کو ہیک ہو گیا تھا۔ ہیکرس نے اکاؤنٹ میں تبدیل کرتےہوئے پارٹی کی جگہ ایلن ماسک کا نام لکھا دیا ۔ اتنا ہی نہیں فوٹو بھی ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لگی پارٹی لوگو ں کی تصویر کو ہٹا کر وہاں ایلن ماسک کی فوٹو لگا دی گئی تھی۔