نئی دہلی :سینئر کانگریس رہنما ، دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے سابق چیئر مین اور معروف کالم نگار انیس درانی کے انتقال کے بعد ان کی یاد میں تعزیتی نشستوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ اسی کڑی میں اُردو ڈیولیپمنٹ آرگنائزیشن کی جانب سے دریا گنج میں ایک نشست کا انعقاد کیا گیا ۔جس میں اُردو ڈیو لیپمنٹ آر گنائزیشن کے قومی صدر اور عالمی یوم اُردو کے بانی کنوینر ڈاکٹر سید احمد خاں نے تعزیتی نشست میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انیس درانی ملت کے بے لوث خادم تھے اور حکومت دہلی کے مختلف اداروں کے سر براہ بھی تھے ۔ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے وہ نہ صرف کرپشن کے پاک تھے بلکہ انہوں نے اصولی زندگی بھی گزاری۔مرحوم بہترین کالم نگار تھے انہوں نے ملت اسلامیہ ہند کے باوقار ادارہ انڈیا مسلم مجلس مشاورت میں ہوئی بد عنوانی کو پوری طاقت سے اٹھایا ۔ڈاکٹر سید احمد خاں نے مزید کہا کہ ان کے انتقال سے قوم و ملت کا بڑا نقصان ہوا ہے ۔تعزیت کرنے والوں میں ڈاکٹر سید عارف جنید ، محمد ندیم عارف ، عمران قنوجی ،جاوید اختر ،حامد علی اختر ، وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں ۔