لندن:برطانیہ میں ہندوستانی ہائی کمیشن پر خالصتان کے حامیوں نے حملہ کیا ہے۔ اس دوران ترنگے کی توہین کی گئی اور خالصتان کے حامی جھنڈے لہرائے گئے۔ خالصتانیوں نے مذہبی نعرے بھی لگائے۔ اس معاملے پر ہندوستان میں برطانوی سفیر نے وضاحت دیتے ہوئے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ایسے واقعات کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔
نوبھارت ٹائمس کی تفصیلات کے مطابق پنجاب میں خالصتان کے حامی امرت پال سنگھ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے درمیان برطانیہ میں ہندوستانی ہائی کمیشن پر حملہ کیا گیا ہے۔ خالصتانی حملہ آوروں نے اس دوران ترنگے کی توہین کی۔ کچھ خالصتانیوں نے ہائی کمیشن میں توڑ پھوڑ بھی کی۔ اس واقعے سے ناراض ہندوستان نے یو کے ہائی کمیشن کے نائب سربراہ کو طلب کیا کیونکہ ہائی کمشنر ایلکس ایلس دہلی سے باہر ہیں۔ ایلس نے ٹویٹ کرکے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں لندن میں انڈین ہائی کمیشن کمپلیکس اور وہاں کے لوگوں کے خلاف آج کی گھناؤنی کارروائیوں کی مذمت کرتا ہوں۔ یہ مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔ اس واقعے کے بعد بھارتی ہائی کمیشن کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ اس سے پہلے بھی برطانیہ میں بھارتی ہائی کمیشن پر کئی حملے ہو چکے ہیں۔ لیکن، برطانوی حکومت ہر بار آنکھیں بند کر لیتی ہے اور حملہ آوروں کے خلاف کارروائی نہیں کرتی۔