نئی دہلی:ایس پی لیڈر اعظم خان کو سپریم کورٹ سے راحت نہیں ملی ہے۔ عدالت نے مقدمات کی سماعت کو یوپی سے باہر منتقل کرنے کی عرضی پر سماعت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ وہ ہائی کورٹ جا کر کیس کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔ الہ آباد ہائی کورٹ کو ایسی درخواستوں کی جلد سماعت کرنی چاہیے۔ ایس پی لیڈر اعظم خان نے اپنے خلاف درج تمام مقدمات کو یوپی سے باہر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
عدالت میں اعظم خان کی جانب سے پیش ہوئے کپل سبل نے کہا ,ان کے خلاف یوپی میں جتنے کیس ہیں۔ لگتا ہے انہیں انصاف نہیں ملے گا۔ ان کے خلاف 87 مقدمات درج ہیں۔ تمام مقدمات ریاست سے باہر منتقل کیے جائیں۔ یوپی میں انصاف ملنے کی امید نہیں ہے۔ اسی لیے ہم یہاں آئے ہیں۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ کی بنچ نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ آپ کو ریاست میں انصاف نہیں ملے گا۔ آپ مقدمات کی منتقلی کی بنیاد فراہم نہیں کر سکے۔ مقدمات ختم کرانے کے لیے آپ ہائی کورٹ جا سکتے ہیں۔ ہائی کورٹ کو اس درخواست کی جلد سماعت کرنی چاہیے۔