کھمباٹ :مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو کہا کہ گجرات میں اوکھا کے قریب واقع جزیرے بیٹ دوارکا سے فرضی مزاروں کو ہٹا دیا گیا ہے۔ بیٹ دوارکا بھگوان کرشن کا مسکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی مخالفت کے باوجود بی جے پی حکومت صفائی جاری رکھے گی۔
جن ستا کے مطابق گجرات کے کھمبھاٹ اسمبلی حلقہ میں ایک انتخابی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ ہمارے بھوپیندر بھائی (وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل) اور ہرش بھائی (وزیر داخلہ ہرش سنگھوی) نے بیٹ دوارکا میں فرضی مقبروں کو منہدم کر دیا ہے۔ تمام مقبروں کے نام پر تجاوزات ہو رہی تھیں، اب انہیں ہٹا دیا گیا ہے لیکن کانگریس کہتی ہے کہ ہم پولرائز کر رہے ہیں۔
وزیر داخلہ نے یہ بیان گجرات اسمبلی انتخابات کے دوران ایک اسمبلی کے دورے کے دوران دیا جہاں آبادی کا ایک بڑا حصہ مسلمانوں کا ہے۔ اپنے خطاب کے دوران سامنے موجود لوگوں سے سوال کرنے کے لیے انہوں نے سوال کیا کہ کیا تجاوزات نہیں ہٹانی چاہیے، یہ مزار ہویا قبر؟ لیکن کانگریس کو ایسا کرنا پسند نہیں ہے۔ فکر نہ کریں چاہے وہ اسے پسند نہ کریں بی جے پی صفائی جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں۔