أحمد آباد (ایجنسی) گجرات میں ہجومی تشدد کے ایک نئے واقعے میں مقامی لوگوں نے ایک فوجی جوان کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق گجرات کے ضلع نڈیاڈ میں پولیس نے فوج کے ایک جوان کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دینے کے الزام میں سات افراد کو گرفتار کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق فوجی جوان اپنی بیٹی کی بعض عریاں تصاویر پوسٹ کرنے سے ناراض تھا اور اسی پر اعتراض کیا تھا۔
تاہم مقامی افراد نے انہیں اتنا مارا کی ان کی موت ہو گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بی ایس ایف سے تعلق رکھنے والے جوان میلجی بھائی واگھیلا اپنی بچی کی بعض قابل اعتراض تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کے خلاف اس لڑکے کے گھر گئے تھے، جس نے مبینہ طور پر اسکول کی طالبہ کی بعض قابل اعتراض تصویریں شیئر کی تھیں وہاں لڑکے کے اہل خانہ سے توتو میں میں جھگڑے میں بدل گئی اور گھر والوں نے واگھیلا سے مار پیٹ شروع کر دی۔
اس طرح انہیں پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق وہ لڑکا بی ایس ایف اہلکار کی نو عمر بیٹی کا اسکول کا ساتھی ہے اور دونوں میں آپس میں دوستی بھی تھی۔سینیئر پولیس حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس ہجومی تشدد میں ملوث سات افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔اس قسم کے ہجومی تشدد کا ایک انتہائی گھناؤنا اور غیر انسانی پہلو یہ بھی ہے کہ تشدد پر آمادہ ہجوم میں سے کچھ افراد ایسے تشدد کی مکمل ویڈیو بناتے ہیں اور پھر اسے سوشل میڈیا کے ذریعے پورے ملک میں پھیلایا جاتا ہے۔