ممبئی :(ایجنسی)
AIMIM نے استعفیٰ دینے سے چند گھنٹے قبل ادھو ٹھاکرے حکومت کے ذریعہ اورنگ آباد کا نام بدلے جانے پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔ ٹھاکرے کابینہ نے بدھ کے روز اورنگ آباد کا نام سمبھاج نگر اور عثمان آباد کا نام بدل کر دھاراشیو رکھنے کی تجویز کو منظور کی تھی۔ اس کے ساتھ ہی حکومت نے نئی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا نام کسان لیڈر ڈی بی پاٹل کے نام پر رکھنے کی تجویز بھی پاس کی۔
دوسری طرف شیوسینکوں نے اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا۔
لیکن اورنگ آباد سے اے آئی ایم آئی ایم ایم پی امتیاز جلیل نے کہا ہے کہ ادھو ٹھاکرے نے جاتے ہوئے سمبھاجی مہاراج کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب ادھو ٹھاکرے کی کرسی ہلنے لگی تو انہوں نے یہ فیصلہ لیا۔ جلیل نے کہا کہ وہ ادھو ٹھاکرے اور شیو سینا کو بتانا چاہتے ہیں کہ نام بدلے جا سکتے ہیں لیکن تاریخ نہیں بدلی جا سکتی۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جلیل نے کہا کہ جب آپ کے پاس دکھانے کے لیے کچھ نہیں ہے تو آپ اس طرح کی سستی سیاست کی بہت اچھی مثال پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اورنگ آباد کے لوگ فیصلہ کریں گے کہ اورنگ آباد کا نام کیا رہے گا اور کیا نہیں رہے گا۔