ایمنسٹی انٹرنیشنل نے منگل کو کہا کہ گزشتہ سال یوکرین پر روس کے حملے پر عالمی غم و غصے نے پوری دنیا میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے مغرب کے ’’دوہرے معیار‘‘ کو بے نقاب کرنے کا کام کیا ہے
ایمنسٹی نے 2022 کے لیے اپنی سالانہ عالمی رپورٹ میں سعودی عرب کے حقوق کے ریکارڈ پر مغرب کی خاموشی، مصر میں جبر اور فلسطینیوں کے ساتھ اسرائیل کے سلوک کی طرف توجہ دلائی ہے ۔
ایمنسٹی کی سیکرٹری جنرل اگنیس کالمارڈ نے پیرس میں گروپ کی عالمی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’ یوکرین پر روس کے حملے پر مغرب کے زبردست ردعمل نے دوہرے معیارات کو اجاگر کیا جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی بہت سی دیگر خلاف ورزیوں پر ان کا رد عمل کتنا ناکافی ہے‘‘۔
ایمنسٹی نے کہا کہ گزشتہ برس ’’یکے بعد دیگرے آنے والی اسرائیلی حکومتوں نے مزید فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے نکالنے، غیر قانونی بستیوں کی توسیع اور اپنے زیر کنٹرول مغربی کنارے میں موجودہ بستیوں اور چوکیوں کو قانونی حیثیت دینے کے اقدامات شروع کیے‘‘۔
ادارے کا کہنا ہے کہ اس کے باوجود اور اسرائیلی افواج کے مغربی کنارے میں فلسطینیوں کو قتل کرنے کے واقعات پر مغربی ممالک اس ’’جبر اور ظلم پر مبنی نظام‘‘کے خاتمے کا مطالبہ کرنے میں ناکام رہے