لندن:پوری دنیا میں کھانا پکانے کے لیے گیس چولھوں کا استعمال ہو رہا ہے، تاہم اب سائنس دانوں نے ایک تحقیق کے نتائج میں انکشاف کیا ہے کہ گیس کے چولھے پر کھانا پکانا صحت کے لیے آلودہ شہر میں رہنے سے زیادہ نقصان دہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ گیس چولھوں سے نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ اور نہایت نقصان دہ مائیکرو ذرات (پارٹیکیولیٹ میٹر)بنتے ہیں، یہ زہریلے مادے بالخصوص پھیپھڑوں کو بہت نقصان پہنچاتے ہیں۔
پاکستان کے معروف روزنامہ جسارت کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ خطرناک زہریلے مادے ان گیسوں کا حصہ ہوتے ہیں جو گاڑیوں سے خارج ہوتی ہیں، یہ مادے پھیپھڑوں میں جا کر جلن پیدا کرتے ہیں اور یہاں تک کہ خون میں بھی داخل ہو جاتے ہیں، جس سے دل کی بیماری، کینسر اور حتی کہ الزائمر کی بیماری ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ان زہریلے مادوں سے بچوں میں دمہ کی بیماری مزید بگاڑ پیدا کر دیتے ہیں، امریکا میں بچوں میں دمہ کے 8 میں سے ایک کیس کھانا پکانے سے
خارج ہونے والی آلودگی کا نتیجہ ہے۔رپورٹ کے مطابق بچوں اور بوڑھوں کو ان چولھوں سے زیادہ خطرہ ہوتا ہے، گیس کے چولھے گھر کی فضاء مصروف شاہراہوں سے زیادہ آلودہ کر دیتے ہیں