نئی دہلی :
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے مشن 2024 کی تیاریتیز کردی ہے ۔ گزشتہ پانچ دنوں کے دہلی دورہ کے دوران انہوں نے کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی ، راہل گاندھی کے ساتھ ساتھ ملک کے کئی اپوزیشن لیڈروں سے ملاقات کی ہے ۔ اب انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہر دو مہینے میں دہلی آئیں گی ۔ مانا جارہا ہے کہ ممتا کے اس اعلان کے پیچھے ان کا مشن 2024 ہے ۔
ممتا بنرجی نے آج کہا کہ میں نے آج شرد پوار سے بات چیت کی۔ میرا دورہ کامیاب رہا ۔ ہم سیاسی مقاصد کیلئے ملے ، جمہوریت زندہ رہنی چاہئے، میرا نعر ہے:’جمہوریت بچاؤ ملک بچاؤ۔‘ ہم کسانوں کے معاملہ کے حمایت کرتے ہیں ، میں ہر دوسرے مہینے دہلی آؤں گی ۔
غورطلب ہے کہ بنگال میں بڑی جیت کے بعد ممتا بنرجی کا یہ پہلا دہلی دورہ تھا ۔ اس دورے میں انہوں نے اپوزیشن کے کئی لیڈروں سے ملاقات کی ۔ کچھ دنوں پہلے ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ بی جے پی کو ہرانے کیلئے پورے اپوزیشن کو متحد ہونا ہوگا ۔ ممتا بنرجی اسی کوشش میں مصروف ہیں ۔ حالانکہ اپوزیشن کا لیڈر کون ہوگا ، اس سوال کو انہوں نے ٹال دیا ۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ وہ کوئی جیوتش نہیں ہیں ۔ بتادیں کہ وہ مرکز کی نریندر مودی سرکار پر مسلسل حملے کررہی ہیں ۔ 2024 لوک سبھا انتخابات سے پہلے ممتا مسلسل اپوزیشن کا چہرہ بننے کی کوششوں میں مصروف ہیں
۔