١- مرزا غالب کی پیشی انگریز افسر کرنل براؤن کے سامنے ہوئی ،افسر نے پوچھا ” کیا تم مسلمان ہو؟ غالب نے کہا: "آدھا مسلمان”. افسر نے پوچھا کیا مطلب؟ غالب نے کہا” شراب پیتا ہوں۔۔ سور نہیں کھاتا ہوں ۔
٢- دودھ والا سڑک کنارے ایک ہینڈ پمپ پر رکا ، مگ نکالا ، دودھ کا کین کھولا اس میں پانی ملایا پھر اسی مگ میں پانی بھرا اور بیٹھ کر پانی پیا۔ دیکھنے والے نے پوچھا کیا کر رہے ہو اس نے کہا پانی پی رہا ہوں بیٹھ کر پانی پینا سنت ہے!
اس طرح کے واقعات آپ کے مشاہدے میں بھی آتے ہوں گے کہ معمولی قیمت اور کم مشقت کے اعمال میں بعض لوگ بہت احتیاط کرتے ہیں اور یہ تأثر دیتے ہیں کہ وہ بہت بڑے متقی اور پرہیزگار ہیں مگر بڑے بڑے غلط کام ؛ امانت میں خیانت اور لوگوں کے حقوق مارتے وقت اسلامی تعلیمات کو طاق پر رکھ دیتے ہیں۔
جبکہ اللہ نے قرآن مجید میں صاف صاف فرما دیا کہ "اسلام میں پورے پورے داخل ہو جاؤ ” ۔۔۔ اور یہ کہ ” کیا تم اللہ کے فرمان میں سے بعض کو مانتے ہو اور بعض کو نہیں! تحریر:مسعود جاوید