احمد آباد :(ایجنسی)
گزشتہ کئی دنوں سے کانگریس قیادت سے ناراضگی ظاہر کرنے والے پاٹیدار لیڈر ہاردک پٹیل کے ایک قدم کے بعد کانگریس میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ ہاردک پٹیل نے اپنے وہاٹس ایپ اکاؤنٹ اور ٹیلی گرام بائیو سے لفظ کانگریس ہٹا دیا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ان دونوں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپنی ڈسپلے پکچر بھی تبدیل کی ہے۔ اپنی نئی تصویر میں وہبھگوا شال پہنے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
پچھلے کچھ دنوں میں تمام ٹی وی چینلوں اور اخبارات کو دیئے گئے انٹرویوز میں ہاردک پٹیل نے گجرات میں کانگریس کی قیادت کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔ اس کے بعد سے ان کے بی جے پی میں شامل ہونے کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ پٹیل نے کہا تھا کہ پارٹی کو ان کا استعمال کرنا چاہیے۔
ہاردک پٹیل نے ایک انٹرویو میں ہندو ہونے پر فخر کی بات کی تھی اور کہا تھا کہ وہ بھگوان رام کا بھکت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کانگریس کے مقابلے بی جے پی میں فیصلے زیادہ تیزی سے لئے جاتے ہیں۔
پاٹیداروں کے ریزرویشن کے لیے گجرات میں بڑا احتجاج شروع کرنے والے ہاردک نے روزنامہ بھاسکر کو بتایا تھا کہ انھوں نے کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال کے سامنے اپنے نکات رکھے ہیں۔
پٹیل نے چند دن پہلے انڈین ایکسپریس کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اپنی نظر اندازی کی بات کی تھی اور اس کے بعد گجرات میں عام آدمی پارٹی نے کہا کہ ہاردک پٹیل کے لیے اس کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔
کیا ہاردک پٹیل کانگریس چھوڑ دیں گے، جب میڈیا کے گلیاروں میں اس طرح کے چرچے ہونے لگے، ہاردک نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ یہ محض افواہ ہے کہ وہ کانگریس چھوڑ رہے ہیں۔
لیکن بائیو سے کانگریس کا لفظ ہٹانے اور بھگوا شال پہننے کے بعد ایک بار پھر قیاس آرائیاں ہورہی ہیں کہ کیا ہاردک پٹیل کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوجائیں گے؟