نئی دہلی :
دارالحکومت دہلی میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے درمیان دہلی ہائی کورٹ نے آکسیجن کی کمی پر مرکزی حکومت کی پھٹکار لگائی ہے۔ دہلی ہائی کورٹ نے سماعت کے دوران کہا کہ پورا ملک آکسیجن کی کمی سے رو رہا ہے۔ عدالت نے کہا کہ ملک میں آکسیجن کی کمی کو پورا کرنے کے لئے ماہرین کا مشورہ لیں۔
ہائی کورٹ نے حکومت کی پھٹکار لگاتے ہوئے کہا کہ آپ اندھے ہو سکتے ہیں ، لیکن ہم نہیں۔ دہلی میں کئی لوگ آکسیجن کی کمی کی وجہ سے مر رہے ہیں۔ اگر اس وقت مہاراشٹر میں آکسیجن کی کھپت کم ہے تو کچھ ٹینکر دہلی بھیجے جاسکتے ہیں۔ ہم اس حقیقت پر نہیں جائیں گے کہ 700 میٹرک ٹن سپلائی کرنی ہے یا گیس کے باقی کوٹے کو پورا کرنا ہے۔
کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ
بتادیں کہ دہلی میں کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور اسپتالوں میں مریضوں کی بھیڑ بڑھتی جارہی ہے اور آکسیجن کی سپلائی پر کافی اثر پڑ رہا ہے ، جس کو لے کردہلی حکومت نے مرکزی حکومت پر الزام لگایا تھاکہ اسے مرکز کی جانب سے کوئی مدد نہیں مل رہی ہے۔