رامپور :(ایجنسی)
رامپور لوک سبھا ضمنی انتخاب میں سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے امیدوار کی شکست کے بعد پارٹی کے سینئر لیڈر اور ایم ایل اے اعظم خاں نے الزام لگایا کہ حکمراں بی جے پی نے سرکاری مشینری کا غلط استعمال کرکے رامپور کے لوگوں کی جیت کو شکست میں بدل دیا۔
اعظم خاں نے اتوار کو دعویٰ کیا کہ ایک بین الاقوامی ادارہ ایمانداری سے انتخابات کرائے اور اگر ان کا امیدوار ہار جاتا ہے تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے۔
اعظم خاں نے رام پور لوک سبھا ضمنی انتخاب میں بی جے پی امیدوار گھنشیام لودھی کے ہاتھوں ایس پی امیدوار عاصم راجہ کی 42 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے شکست کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ حکمراں بی جے پی نے سرکاری مشینری کا غلط استعمال کرکے رامپور کے عوام کی جیت کو ہار میں بدل دیا۔
رامپور میں بی جے پی امیدوار کی جیت کو جمہوریت کی شکست قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بہت اچھی بات ہے، وہ (بی جے پی) جیت گئے، لیکن یہ جیت ان کی نہیں ہے۔ اسی طرح انہوں نے اتر پردیش کی حکومت بھی بنائی ہے اور میں ان تمام طاقتوں کو شرم واحساس دلاناچاہا ہوں گا جواپنے چھوٹے چھوٹے مفاد کے لئے جمہوریت کو کمزور کررہی ہیں ۔
اعظم خاں نے یہ بھی کہا کہ کوئی بین الاقوامی ادارہ آئے اور یہاں الیکشن کرانے کی ذمہ داری لے ۔
انہوں نے کہا، ‘انتخاب کو ایمانداری سے ہونے دیں۔ میں کہتا ہوں کہ عالمی عدالت آئے، وہ یہاں الیکشن کرائے ، کھلے میدان میں الیکشن ہو جائے۔ اگرہم ہار گئے تو سیاست کامیدان ہمیشہ کے لئے چھوڑ دیں گے ۔
ایس پی لیڈر نے کہا کہ بی جے پی پر جمہوریت کو بچانے کی بڑی ذمہ داری تھی لیکن اس نے اسے نہیںنبھایا ۔
اہم بات یہ ہے کہ اتوار کو رامپور لوک سبھا ضمنی انتخاب کے نتائج کا اعلان کیا گیا، بی جے پی امیدوار گھنشیام لودھی نے ایس پی امیدوار عاصم راجہ کو 42192 ووٹوں سے شکست دی۔ یہ سیٹ اعظم خاں کے اسمبلی میں منتخب ہونے کے بعد لوک سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔