نئی دہلی :(ایجنسی)
دہلی کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے بعد مسجد کے اندر کچھ لوگوں نے نعرے لگانے کی کوشش کی، جس کے بعد شاہی امام بخاری نے واضح طور پر کہا کہ میں نے کہا کہ یہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ معلومات کے مطابق شاہی امام بخاری کا کہنا تھا کہ ’’یہ غلط ہے، کوئی شخص ایسی حرکت نہ کرے، یہ برداشت سے باہر ہو گا، علاقے کے لوگ امن چاہتے ہیں، کسی قسم کی نعرہ بازی برداشت نہیں کی جائے گی۔ جامع مسجد کو جلد از جلد خالی کرایا جائے۔‘
وہیں اس معاملے پر ڈی سی پی سنٹرل شویتا چوہان نے کہا کہ ’’ہمیں فی الحال معلوم نہیں ہے ، مسجد کے اندر کیا ہوا اور امام صاحب نے جو اعلان کیا اس معاملے کی جانکاری لے رہی ہوں۔ فی الحال مسجد کے اندر اور باہر امن برقرار ہے۔
بتا دیں کہ اس سے قبل اتر پردیش کے سنبھل میں بھی ایس پی ایم پی شفیق الرحمان برق نے جمعہ کی نماز کو لے کر مسلم کمیونٹی سے اپیل کی تھی۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعہ مسلمانوں سے بازار کو کھلا رکھنے اور امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی تھی۔
پولیس انتظامیہ کی پہل پر ایس پی ایم پی نے مسلم سماج اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعہ کی نماز کے دوران اپنی دکانیں کھلی رکھیں اور نماز کے بعد ہر کوئی اپنے گھروں کو چلے جائیں۔ انہوں نے اپنی اپیل میں یہ بھی کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ہمارے شہر میں امن ہے۔