نئ دہلی:قومی سلامتی کے مشیر (این ایس اے) اجیت ڈووال نے منگل کو کہا ہے کہ اسلام مکمل طور پر بنیاد پرستی اور دہشت گردی کے خلاف ہے کیونکہ اسلام کا مطلب امن اور فلاح ہے
انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں بین المذاہب امن اور سماجی ہم آہنگی کے کلچر کو فروغ دینے میں علمائے کرام کے کردار پرمنعقد ایک پروگرام میں خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سرحد پار دہشت گردی اور داعش سے متاثر دہشت گردی انسانیت کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔
انڈونیشیا کے وزیر محمد محفود ایم ڈی بھی اس پروگرام میں شرکت کے لیے دہلی آئے ہیں، انھیں پروگرام میں شرکت کے لیے این ایس اے ڈووال کی طرف سے دعوت نامہ بھیجا گیا تھا۔
ا
ڈووال نے کہا، آپ جانتے ہیں کہ ہم دونوں ملک دہشت گردی اور علیحدگی پسندی سے دوچار رہے ہیں۔ آئی ایس آئی ایس سے متاثر دہشت گردی اور شام اور افغانستان سے واپس آنے والوں کے درپیش خطرے سے نمٹنے کے لیے سول سوسائٹی کا تعاون اہم ہے۔
ڈووال نے کہا کہ اس بحث کا مقصد ہندوستان اور انڈونیشیا کے علماء کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ہے جو امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے دہشت گردی اور بنیاد پرستی کے خلاف جنگ کو تقویت ملے گی۔
ڈووال نے کہا کہ اگر دہشت گردی، بنیاد پرستی اور مذہب کا کسی بھی مقصد کے لیے غلط استعمال کیا جاتا ہے تو یہ کسی بھی بنیاد پر درست نہیں ہے اور ہمیں اس کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے۔ دہشت گردی اور بنیاد پرستی کی قوتوں کی مخالفت کو کسی مذہب کے ساتھ تصادم کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اپنے مذاہب کے حقیقی پیغامات پر توجہ دینی چاہیے جو ہمیں انسانیت اور امن کا سبق دیتے ہیں اور درحقیقت قرآن خود کہتا ہے کہ ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل اور ایک انسان کو بچانا پوری انسانیت کو بچانے کے مترادف ہے۔