استنبول : (ایجنسی)
اسرائیلی وزارتِ خارجہ کے ایک ترجمان نے اس جوڑے کی ترکی میں گرفتار کیے جانے کی تصدیق کر دی ہے۔ اس گرفتاری کے حوالے سے ابتدا میں یہ بھی واضح نہیں تھا کہ ان کو کس بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ یہ بھی نہیں معلوم تھا کہ ترک صدر رجب طیب اردوگان کے کس گھر کی تصویر بنائی گئی تھی۔ ترک حکام نے بھی گرفتاری کے بعد مناسب وضاحت نہیں دی تھی۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایک اسرائیلی خاتون نے اپنے خاندان کو ایک مکان کی تصویر بھیجی اور اس کے ساتھ لکھا کہ ’کتنا خوبصورت گھر ہے‘۔ یہ اسرائیلی جوڑا ترکی اپنے کسی ایک ساتھی کی سالگرہ منانے گیا ہوا تھا۔
یہ دونوں استنبول کے ایک ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے تھے اور منگل نو نومبر کو واپس اپنے وطن پہنچنے والے تھے۔ جب یہ دونوں واپس نہیں پہنچے تو ان کے خاندان کو فکر لاحق ہو گئی۔
شادی شدہ اسرائیلی جوڑے کے ساتھ ایک مقامی ترک باشندے کو بھی حکام نے حراست میں لے رکھا ہے۔ انہیں ایک مقامی ٹیلی وژن اور ریڈیو کے نیٹ ورک Camlica کے ایک ملازم کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا۔