وارانسی :(ایجنسی)
کاشی وشوناتھ مندر-گیان واپی مسجد معاملے پر جاری تنازع کے درمیان راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نے کہا ہے کہ حقائق کو سامنے آنے دینا چاہیے۔ سچ کو زیادہ وقت تک چھپایا نہیں جا سکتا۔ بدھ (19 مئی 2022) کو، آر ایس ایس کے سمواد سیل، اندرا پرستھ وشو سمواد کیندر کی صحافی ایوارڈ تقریب، آر ایس ایس کے اکھل بھارتیہ پرچار پرمکھ سنیل امبیکر نے اس موضوع پر گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ ’کچھ حقائق ہیں جو منظر عام پر آ رہے ہیں۔ میرا ماننا ہے کہ حقائق کو سامنے آنے دیا جائے۔ ہر حال میں سچ سامنے آجائے گا۔‘ امبیکر نے کہا، ’’آپ کب تک سچ کو چھپائیں گے؟ میرا ماننا ہے کہ تاریخی حقائق کو صحیح تناظر میں معاشرے کے سامنے آنا چاہیے۔
تقریب میں مرکزی وزیر سنجیو بالیان نے کہا کہ جب انہیں مسجد میں پائے جانے والے شیولنگ کے بارے میں معلوم ہوا تو وہ جذباتی ہو گئے۔ جب یہ واقعہ ہو رہا تھا تو وہ وارانسی میں تھے۔ بالیان کے مطابق، جب ایک صحافی نے انہیں بتایا کہ نندی کئی صدیوں سے شیو کا انتظار کر رہے تھے، تو ان کی آنکھیں آنسوؤں سے بھر آئیں۔
آر ایس ایس کے پرچار پرمکھ امبیکر کا یہ تبصرہ اہم مانا جا رہا ہے کیونکہ 9نومبر 2019کو جب سپریم کورٹ نے ایودھیا میں رام مند معاملے میں فیصلہ دیا تھا، تب گیان واپی مسجد اور متھرا واقع شاہی عید گاہ معاملے میں ایک سوال کے جواب میں آر ایس ایس پرمکھ موہن بھگوت نے کہا تھا کہ سنگھ تاریخی وجوہات کی بنا پر رام جنم بھومی تحریک سے ایک تنظیم کے طور پر منسلک تھا، یہ ایک استثنا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ اب ہم انسانی ترقی کے ساتھ جڑیں گے۔
دراصل گیان واپی مسجد مشہور کاشی وشوناتھ مندر کے قریب ہے۔ ایک مقامی عدالت ہندو خواتین کے ایک گروپ کی طرف سے دیوار پر نصب مجسموں کے سامنے روزانہ پوجا ارچنا کرنے سےمتعلق دائر درخواست کی سماعت کررہی ہے ۔