کولکاتہ:(ایجنسی)
کلکتہ یونیورسٹی نےمشہور مزاح نگار اور عالمی شہرت کے حامل شاعر مرحوم ساغر خیامی حیات و خدمات کے مقالے پر اردو اسکالر نزہت زہرا کو پی ایچ ڈی کی ڈگری عطا کی ہے۔یاد رہے کہ مرحوم ساغر خیامی ہندوستان کے جانے پہچانے مزاح نگار اور شاعر تھے اور انھوں نے دنیا کے ہر کونے میں جا کر لوگوں کو ہنسایا تھا۔وہ رامپور میں پیدا ہوئے تھے مگر ان کی زندگی کا بڑا حصہ لکھنوٴ اور دہلی میں گزرا۔ ساغر خیامی نے ہندوستان کی مشہور جواہر لعل نہرو یونیورسٹی میں تقریباً 30برس ملازمت کرنے کے بعد رضاکارانہ سبکدوشی حاصل کی تھی۔
نزہت زہرا نے اپنی پی ایچ ڈی کلکتہ یونی ورسٹی کے شعبہٴ اردو ( اقبال چیئر) کی صدر پروفیسر شہناز نبی کی نگرانی میں مکمل کی۔علی گڑھ یونی ورسٹی کے شعبہ اردو کے ریٹائرڈ پروفیسر قاضی جمال ان کے ممتحن رہے۔خود نزہت زہرا کولکاتہ کےسریندر ناتھ کالج فار ویمن میں شعبہ اردو کی سربراہ ہیں اور کئی برسوں سے وہاں لڑکیوں کو اردو کی تعلیم دے رہی ہیں۔نزہت زہرا اودھ کے آخری فرمانرواں نواب واجد علی شاہ کے پر پوتے مرحوم ڈاکٹر کوکب قدر کی بہو ہیں اور ان کے سب سے چھوٹے بیٹے کامران علی مرزا کے ساتھ منسوب ہیں۔