لکھیم پور کھیری ( ایجنسی)
سپریم کورٹ کی جانب سے لکھیم پور کھیری تشدد معاملے میں کل جمعہ تک اترپردیش سرکار کو اسٹیٹس رپورٹ داخل کرنے کے حکم دئے جانے کے بعد پولیس ایکشن میں آتی دکھ رہی ہے ۔ آج جمعرات کو دو لوگوں کو حراست میں لئے جانے کے بعد اب مرکزی وزیر اجے مشرا ٹینی کے بیٹے کو جمعہ کو کرائم برانچ میں بلایا گیا ہے ۔
مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا کے گھر کے باہر ایک نوٹس چسپاں کیا گیا ہے۔ لکھیم پور پولیس نے وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا کے بیٹے آشیش مشرا کو طلب کیا ہے۔ آشیش کو کرائم برانچ میں جمعہ کی صبح 10 بجے بلایا گیا ہے۔
اس سے پہلے لکھیم پور کھیری میں تشدد کے معاملے میں آشیش پانڈے اور لو کش کو حراست میں لیا گیا تھا۔ دونوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ اس واقعہ میں آشیش پانڈے اور لو کش بھی شامل تھے اور دونوں زخمی بھی ہوئے تھے۔ آئی جی رینج لکشمی دونوں ملزمان سے پوچھ گچھ کر رہی ہیں۔
آئی جی رینج لکشمی سنگھ نے بتایا کہ دو افراد کو پوچھ گچھ کے لیے بلایا گیا ہے۔ دونوں کی پوچھ گچھ میں کئی ثبوت اور شواہد ملے ہیں۔ واقعے میں شامل تین ملزمان کے بارے میں معلومات موصول ہوئی ہیں ، جن کی موت ہوچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موقع سے کھوکے بھی برآمد ہوئے ہیں جن کی فورنسک جانچ کرائی جارہی ہے ۔