ممبئی :(ایجنسی)
مہاراشٹر میں شیوسینا لیڈروں کے خلاف مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کے رول کے الزامات لگتے رہے ہیں۔ انہی الزامات کے درمیان، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جمعہ کو منی لانڈرنگ کیس میں شیوسینا لیڈر ارجن کھوتکر کی جائیداد اور زمین کو ضبط کر لیا۔ مہاراشٹر اسٹیٹ کوآپریٹو بینک (MSCB) معاملے میں ایک کوآپریٹو شوگر مل (کوآپریٹو سکھر فیکٹری) کی غیر قانونی فروخت سے متعلق معاملے میںمنی لانڈرنگ ایکٹ کی دفعات کے تحت جائیدادوں کو قرق کیا گیا ہے۔ ارجن کھوتکر کو وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے خاص لوگوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
ضبط کی گئی جائیداد 200 ایکڑ اراضی پر مشتمل ہے، جس پر یہ فیکٹری قائم تھی۔ ای ڈی صبح سے ہی معاملے کی جانچ کر رہی تھی۔ اس نے بعض مقامات پر چھاپے بھی مارے۔ لیکن یہ ساری کارروائی ای ڈی نے ایک دن میں مکمل کر لی۔
ای ڈی پہلے ہی شیو سینا کے ایک اور سرکردہ لیڈر انل پراب سے تفتیش کر رہی ہے۔ انل پرب بھی وزیر اعلیٰ ادھو کے خاص لوگوں میں سے ایک ہیں۔ اس طرح سے ادھو کے قریبی شیوسینا کے دو لیڈر ارجن کھوتکر اور انل پراب ای ڈی کے نشانے پر ہیں۔ انل پرب پر کافی دنوں سے کارروائی ہو رہی ہے، لیکن ارجن کھوتکر کے معاملے میں ای ڈی کا شکنجہ فوراً سخت ہو گیا ۔