بریلی :(نامہ نگار)
اتحاد ملت کونسل کے سربرا ہ مولانا توقیر رضا خاں نے بی جے پی ترجمان نوپور شرما کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے آئندہ جمعہ کو احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بریلی کے اسلامیہ گراؤنڈ میں مسلم سماج کے لوگ بڑی تعداد میں موجود ہوں گے۔ انہوں نے بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کو نوپور شرما پر کارروائی کے حوالے سے ایک خط بھی بھیجا ہے۔
اسی کے ساتھ مولانا توقیر رضا خاں نے اورنگزیب سے متعلق بیان پر بالی ووڈ سپر اسٹار اکشے کمار کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی فلم ’سمراٹ پرتھوی راج‘کی تشہیر کے لیے اس طرح کی بیان بازی کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی مولانا توقیر رضا نے دعویٰ کیا کہ دنیا میں اورنگزیب سے بہتر کوئی کردار نہیں ہوگا۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ ’سمراٹ پرتھوی راج‘ 3 جون کو ملک بھر کے سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
اکشے کمار نے حال ہی میں اے این آئی سے بات چیت میں کہا تھا کہ بدقسمتی سے ہماری تاریخ کی کتابوں میں پرتھوی راج چوہان کے بارے میں صرف دو تین لائنیں ہیں۔ جبکہ ‘ حملہ آوروں ‘کے بارے میں بہت کچھ بتایا گیا ہے۔ میں یہ نہیں کہہ رہا ہوں کہ ہمیں مغلوں کے بارے میں نہیں جاننا چاہیے، لیکن اس میں توازن پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ راجاؤں کے بارے میں بھی جاننا چاہیے، کیونکہ وہ بھی عظیم تھے۔ اکشے کمار نے ملک کے وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے معاملے کی تحقیقات کی اپیل کی ہے۔