لکھنؤ :(ایجنسی)
بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے ایک ٹویٹ میں ایس پی کے سینئر لیڈر محمد اعظم خاں کو ڈھائی سال تک جیل میں رکھنے پر اتر پردیش حکومت کی مذمت کی ہے۔ جمعرات کی صبح مایاوتی نے یوپی اور مرکزی حکومت پر سخت حملہ کیا۔
مایاوتی نے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ یوپی اور دیگر بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں کانگریس کی طرح غریبوں، دلتوں، آدیواسیوں اور مسلمانوں کو نشانہ بنا کر انہیں ظلم وزیادتی اور خوف وغیرہ کا شکار بنا کر ہراساں کیا جا رہا ہے، بہت دکھ کی بات ہے، جب کہ دوسروں کے معاملوں میں ان کی مہربانیاں جاری ہیں ۔
امراجالا کی خبر کے مطابق انہوں نے لکھا کہ اسی سلسلے میں یوپی حکومت کی طرف سے اپنے مخالفین پر مسلسل بدنیتی پر مبنی اور دہشت گردانہ کارروائی اور سینئر ایم ایل اے محمد اعظم خاں کو تقریباً ڈھائی سال تک جیل میں رکھنے کا معاملہ خبروں میں ہے، جو لوگوں کی نظر میں انصاف کا گلاگھونٹنا نہیں تو اور کیا ہے ؟
مایاوتی نے لکھا کہ اس کے ساتھ ہی ملک کی کئی ریاستوں میں جس طرح سے بدنیتی پر مبنی رویہ اپنا کر محنت کش سماج کے لوگوں کو تجاوزارت کے نام پر ڈر و دہشت کا شکار بنا کر ،ان کی روزی روٹی چھینی جارہی ہے وہ لامحدود سوال کھڑا کرتا ہے جو کافی فکر کی بات ہے ۔