نئی دہلی :
کورونا کی دوسری لہر کی بد انتظامی کے درمیان ہندوستانی عوام میں وزیر اعظم مودی کی مقبولیت میں گراوٹ آئی ہے۔ مارننگ کنسلٹ کے ’گلوبل اپروول ریٹنگ‘ کے مطابق ایسا ہی لگ رہاہے ۔ ایک دوسرے سروے میں مودی کی مقبولیت کا گراف پہلی مرتبہ 50 فیصد کے نیچے چلا گیا ہے ۔
نوٹ بندی ، شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ملک گیر احتجاج، گزشتہ سال کے سخت لاک ڈاؤن اور تین زرعی قوانین کے خلاف آندولن تک کو جھیل جانے والے وزیر اعظم مودی کی امیج کو سب سے بڑا جھٹکا لگاہے ۔
اپروول ریٹنگ کا اسلوپ ہر دن نیچے جا رہا ہے
13 ممالک کے سربراہان (آسٹریلیا ، برازیل ، کینیڈا ، فرانس ، جرمنی ، ہندوستان ، اٹلی ، جاپان ، میکسیکو ، جنوبی کوریا ، اسپین ، برطانیہ اور امریکہ) کے اپروول ریٹنگ اور ڈس اپروول ریٹنگ کو ٹریک کرنے والی مارننگ کنسلٹ کے’ گلوبل اپروول ریٹنگ‘ کے حالیہ ڈیٹا میں نظر آرہا ہے کہ ابھی بھی ان 13 ممالک کے سربراہان میں سب سے زیادہ مقبولیت ہونے کے باوجود وزیر اعظم مودی کی اپروول ریٹنگ میں یکم اپریل سے 11 مئی کے درمیان 10 فیصد کی گراوٹ آئی ہے ، جہاں یکم اپریل کو ان کی اپروول ریٹنگ 73 فیصد تھی وہیں 11 مئی کو یہ نیچے گر کر 63فیصد پر آچکی ہے ۔ مودی کی اپروول ریٹنگ میں یکم اپریل سے 11 مئی کے درمیان 10 فیصد کی کمی آئی ہے۔
اسی طرح ، ان کی ڈس اپروول ریٹنگ میں یکم اپریل سے 11 مئی کے درمیان 10 فیصد کا اچھال دیکھا گیا ہے اس کے درمیان وہ 21 فیصد سے 31 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔