أعظم گڑھ : اترپردیش اے ٹی ایس نے اعظم گڑھ سے مبینہ طور پر آئی ایس آئی ایس کے ایک مشتبہ صباء الدین اعظمی کو گرفتار کیا ہے۔ الزام ہے کہ صباح الدین اعظمی یوم آزادی کے موقع پر دھماکے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا ۔ پولیس کا دعوی ہے کہ مبارک پور اعظم گڑھ کا رہنے والا اعظمی داعش کے بھرتی کرنے والے سے براہ راست رابطے میں تھا۔ پولیس نے یہ بھی کہا کہ سیاست کی آڑ میں ملزمان اپنی تنظیم بنانے کی تیاری کر رہے تھے۔دی کوینٹ نے یہ خبر دی ہے ۔خبر میں آگے کہا ہے کہ اتر پردیش پولیس نے ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ، "یوپی اے ٹی ایس کو ایک پارٹنر ایجنسی سے اطلاع ملی تھی کہ املو مبارک پور ضلع اعظم گڑھ میں ایک شخص اپنے ساتھیوں کے ذریعے آئی ایس آئی ایس کے نظریے سے متاثر ہے، وہ واٹس ایپ اور مختلف سوشل میڈیا کے ذریعے جہادی نظریہ کو فروغ دے رہا ہے۔ دوسروں کو کالعدم دہشت گرد تنظیم ISIS میں شامل ہونے کی ترغیب دیتاہے ۔” پولیس نے پریس نوٹ میں مزید بتایا کہ ملزم کو پوچھ گچھ کے لیے اے ٹی ایس ہیڈکوارٹر لایا گیا تھا۔ جہاں انکوائری اور موبائل ڈیٹا سرچ کرنے پر شواہد ملے کہ وہ AL-SAQR میڈیا نامی ٹیلی گرام چینل سے وابستہ ہے۔ اس ٹیلی گرام چینل پر مسلمان نوجوانوں کو داعش اور مسلم جہاد کے لیے برین واش کیا جا رہا تھا۔