نئی دہلی:(ایجنسی)
راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کی اکائی مسلم راشٹریہ منچ نے پانچ ریاستوں میں ہونے والے آئندہ اسمبلی انتخابات میں مسلم کمیونٹی سے بی جے پی کو ووٹ دینے کی اپیل کی ہے۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق مسلم راشٹریہ منچ نے کہا ہے کہ بی جے پی حکومت میں مسلمان سب سے زیادہ محفوظ اور خوش ہیں، جب کہ ایس پی اور کانگریس کے تحت انہیں صرف ووٹ بینک کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق مسلم راشٹریہ منچ نے مرکز اور ریاستوں میں بی جے پی حکومتوں کی جانب سے شروع کی گئی اسکیموں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اس ملک میں مسلمانوں کی سب سے بڑی خیر خواہ ہے۔
اس اکائی کے صدر اندریش کمار کی صدارت میں ہوئی میٹنگ میں ایک درخواست نامہ جاری کیا گیا ہے جسے ریاستوں میں مسلم اکثریتی علاقوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
اس خط میں بتایا گیا ہے کہ نریندر مودی حکومت نے اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے نئی روشن، نیا سویرا، تلاش اور کماؤ اور استاد جیسی 36 اسکیمیں شروع کی ہیں۔