لیہہ:(ایجنسی)
یونین ٹریٹری لداخ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی انتظامیہ نے محکمہ ریونیو کی سرکاری نوکری میں تقرری کے ضابطہ میں ایک ترمیم کی ہے، جس سے تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔
دی وائر کی رپورٹ کےمطابق لیفٹیننٹ گورنر آر کے ماتھر نے ایک اہم ترمیم کے ذریعے لداخ کے محکمہ ریونیو میں ملازمت حاصل کرنے کے لیے اردو جاننے کی اہلیت کو ہٹا دیا ہے، جس سے لداخ کے کئی لوگوں کے ذہن میں یہ ڈرپیدا ہوگیا ہے کہ ان کی ثقافتی تاریخ کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سات جنوری کو جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں لیفٹیننٹ گورنر ماتھر نے لداخ ریونیو سروس ریکروٹمنٹ رولز، 2021 میں ترمیم کردی، جس کے ذریعے محکمہ ریونیو میں نائب تحصیلدار اور پٹواری کی نوکری حاصل کرنے کے لیے اردو جاننے کی اہلیت کو ختم کر دیا گیا ہے۔ پہلے یہ ضابطہ تھا کہ پٹواری اور نائب تحصیلدار کی نوکری کے لیے ’اردو کے علم کے ساتھ گریجویٹ‘ہونا ضروری تھا، جو اب صرف ’گریجویشن‘ کر دیا گیا ہے۔