لکھنؤ:(ایجنسی)
اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے گورکھپور شہری سیٹ سے الیکشن لڑنے پر طنز کیا ہے کہ انتخابی نتائج کے اعلان سے پہلے ہی ان کی پارٹی نے انہیں گورکھپور بھیج دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب یوگی کو وہیں رہنا چاہیے، وہاں سے آنے کی ضرورت نہیں ہے۔
اکھلیش یادو نے طنز کرتے ہوئے کہا، ’کبھی وہ کہتے تھے کہ وہ ایودھیا سے لڑیں گے، متھرا سے لڑیں گے، پریاگ راج سے لڑیں گے۔ مجھے اچھا لگا کہ بی جے پی نے انہیں پہلے ہی گورکھپور بھیج دیا ہے۔ اب یوگی وہیں رہیں ، وہاں سے آنے کی ضرورت نہیںہے۔‘‘
بھیم آرمی چیف چندر شیکھر آزاد کے اتحاد نہ کرنے کے اعلان پر اکھلیش نے کہا، ’وہ کل میرے پاس آئے تھے، انہوں نے کہا تھا کہ وہ الیکشن لڑیں گے۔ میں نے لوک دل سے بات کی اور اسے غازی آباد اور رام پور منیہارن سیٹیں دے دی۔ پھر وہ کسی سے فون پر بات کرکے آئے اور بولے نہیںلڑسکتے۔ کس کا فون تھا؟ کس نے سازش کی؟ نہیںمعلوم۔ اس لئے ہم کہہ رہے ہیں کہ اب ہم کسی پارٹی سے ایم ایل اے یا لیڈر کو ایس پی میں نہیںلیں گے۔ اب کسی اورکو لینے کی گنجائش بھی نہیں ہے۔ ہم بہت قربانی دے کر لوگوںکو ساتھ لائےہیں۔‘‘
کووڈ پروٹوکول کو توڑنے کے الزامات پر، انہوں نے کہا،’’میں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ کووڈ پروٹوکول پر عمل کریں۔ سبھی الیکشن کمیشن کی ہدایات پر عمل کریں۔ میں تمام کارکنوں سے کہہ رہا ہوں کہ وہ ٹکٹ کے لیے لکھنؤ نہ آئیں۔‘‘
کل سوامی پرساد موریہ کی پارٹی میں شمولیت کے موقع پر ایس پی دفتر میں کافی بھیڑ تھی۔ الیکشن کمیشن نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے سخت کارروائی کی ہے۔