فاربس گنج: (ایجنسی)
بہار میں ایک بار پھر ایک شرمناک واقعہ سامنے آیا ہے ، تازہ معاملہ فاربس گنج کا ہے ، جہاں ایک نوجوان لڑکا اور ایک لڑکی کو بے رحمی سے سرعام پیٹنے کے ساتھ بے عزت و تذلیل کیا گیا۔ لوگوں نے پریمی جوڑے کو نہ صرف مبینہ طور پر بری طرح پیٹا بلکہ ننگا کرکے پڑوس میں گھمایا ۔ ان پر ناجائز تعلق بنانے کا الزام بھی لگایا گیا۔ بہار پولیس کواس واقعہ کی اطلاع ملی تو انہوں نے فوراً کارروائی کرکے آٹھ لوگوں کو گرفتار کرلیا ۔
اس واقعہ پر فاربس گنج کے سب ڈویژنل پولیس آفیسر آر پی سنگھ نے کہا کہ ایک پنچایت کے حکم پر ایک پریمی جوڑے کو ایک ساتھ باندھا گیا اور ناجائز تعلقات کے الزام میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ کہاجا رہاہے کہ خاتون پہلے سے شادی شدہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ معاملے کی جانچ کی جارہی ہے ۔ ملزمین سے پوچھ گچھ کی جاری ہے اور واقعہ میں ملوث دیگر لوگوں کا بھی پتہ لگایا جا رہاہے ۔