بھوپال :(ایجنسی)
ہنومان جینتی پر پرانے شہر بھوپال سے نکلنے والی شوبھا یاترا کی اجازت بھوپال پولیس نے سمجھداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے منسوخ کر دی،حالانکہ پہلے یہ اجازت دی گئی تھی۔ لیکن بعد میں سیکورٹی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے منسوخ کر دیا گیا۔ پولیس نے کہا کہ شوبھا یاترا بھوپال کے پرانے شہر کے علاقے کو چھوڑ کر شہر کے دیگر حصوں سے گزر سکتی ہے۔ قاضی سید مشتاق علی ندوی کی قیادت میں مسلم مذہبی رہنماؤں کے ایک وفد نے ڈی جی پی سدھیر سکسینہ اور وزیر داخلہ نروتم مشرا سے ملاقات کی اور انہیں صورتحال سے آگاہ کیا۔ علما نے ہنومان جینتی جلوس کے لیے دی گئی اجازت پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم اکثریتی علاقوں میں جلوس نکالنا خطرے سے بھرپور ہوگا۔
جے ماں بھوانی ہندو سنگٹھن (جے ایم بی ایچ ایس) کے نائب صدر نوین کھرے نے کھیڑا پتی ہنومان مندر سےہنومان جینتی جلوس کی شروعات کرنے کی اجازت طلب کی تھی۔ رسم کے مطابق جلوس کو پرانے شہر بھوپال اور شہر کے دیگر حصوں سے گزرنا تھا، لیکن پولیس نے پرانے شہر بھوپال میں جلوس کی اجازت دینے سے انکار کر دیا جو کہ مسلم اکثریتی علاقہ ہے۔