نئی دہلی : (ایجنسی)
کسانوں کی تحریک میں فعال کردار ادا کرنے والی پونم پنڈت اب کانگریس میں شامل ہو گئی ہیں۔ کانگریس کی رکنیت لینے کے بعد پونم پنڈت نے کہا کہ اب بی جے پی اور بیٹیوں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ مانا جا رہا ہے کہ کانگریس انہیں اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں بھی ٹکٹ دے سکتی ہے۔ حال ہی میں پرینکا گاندھی نے اعلان کیا ہے کہ پارٹی 40 فیصد خواتین کو انتخابی میدان میں اتارے گی۔
پونم پنڈت کسانوں کی تحریک سے زیادہ بحثوں میں آئی ہیں۔ وہ مودی حکومت کو زبردست نشانہ بناتی تھیں۔ انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا تھا کہ انہوں نے گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو ووٹ دیا تھا۔ پونم پنڈت نے ایک بار کہا تھا ، ’میں نے مودی کو ووٹ دیا تھا ، یوگی یا بی جے پی کو نہیں۔‘
پونم پنڈت نیشنل شوٹر بھی رہ چکی ہیں۔ ان کاگھر یوپی کے بلند شہر میںہے۔ وہ ہریانوی ڈانسر سپنا چودھری کی باؤنسر بھی رہ چکی ہیں۔ پونم تب بحث میں آئی تھیں جب انہیں مظفر نگر میں منعقد کسان مہا پنچایت کے منچ پر چڑھنے سے روک دیا گیا تھا۔ اس کے بعد وہ اقتدار مخالف میڈیا کے سامنے بیان دینے لگیں ۔
پونم پنڈت نے کہا کہ آج یہ ملک کو بچانے کی لڑائی ہے اور اسی وجہ سے وہ کانگریس میں شامل ہوئی ہیں۔ میں ایک لڑکی ہوں اور لڑ سکتی ہوں۔ میں بیٹیوں کی آواز بننے کے لیے پرینکا گاندھی کا شکر گزار ہوں۔ میں ہمیشہ ان کے ساتھ رہوں گی۔