نئی دہلی :
سیاست میں فعال وسرگرم رہنے والے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسدالدین اویسی اور ان کے برادر خورداکبرالدین اویسی گزشتہ کچھ وقت سے اخبارات و ٹی وی کی شہ سرخیوں سے غائب ہیں ۔ غالباً ان کے سیاسی حریفوں نے تلاش گمشدہ کے پمفلٹ وپوسٹر حیدر آباد میں چسپاں کئے ہیں، جس میں ان پر کچھ الزامات بھی عائد کئے گئے ہیں، حالانکہ یہ الزامات تصدیق طلب ہیں۔ سیاسی دنیا میں یہ عام بات ہے، لیکن یہ اندازہ تو لگایا جاسکتاہے کہ اویسی برادران کے بغیر ہندوستانی سیاست بے مزہ سی لگتی ہے ۔ اویسی کی تلخ بیانی، ان کا بے باکانہ انداز اور مسائل پر مدلل بحث کی خصوصیات نے مسلم نوجوانوں کے بڑے طبقہ کو ان کا گرویدہ بلکہ دیوانہ بنا دیا ہے ۔
ان کے سیاسی عزائم سے کانگریس وعلاقائی پارٹیاں خوفزدہ رہتی ہیں۔ کانگریس ان کو بی جے پی کاایجنٹ اور بی جے پی کانگریس کاایجنٹ کہتی ہے ،جبکہ یہ بات گلے سے نہیں اترتی کہ وہ خود کے لیے نہیں بلکہ دوسروں کے لیے ساست کرتے ہیں۔