نئی دہلی:(ایجنسی)
ریلوے کی وزارت نے پہلے مرحلے کے لیے ریلوے ریکروٹمنٹ بورڈ کے نان ٹیکنیکل پاپولر کیٹیگری (این ٹی پی سی) اور گروپ ڈی کے امتحانات کے لیے اسٹوڈنٹس کے احتجاج کے پیش نظر دونوں امتحانات پر پابندی عائد کردی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بہار میں پرتشدد احتجاج کے پیش نظرریلوے کی وزارت نے این ٹی پی ایس کے لیے دوسرے مرحلے کے کمپیوٹر پر مبنی امتحان اور گروپ ڈی کے لیے پہلے مرحلے کے کمپیوٹر پر مبنی امتحان کو فی الحال روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزارت ریلوے نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو امتحان میں پاس ہونے والے اور ناکام ہونے والے دونوں طلباء کے خیالات سنے گی اور پھر اپنی رپورٹ وزارت ریلوے کو پیش کرے گی۔ اس کے بعد وزارت ریلوے مزید فیصلہ کرے گی۔
واضح رہے کہ اہم طور پر بہار میں ہزاروں کی تعداد میں طلبا آرآربی این ٹی پی سی رزلٹ کے خلاف گزشتہ تین دن سے احتجاجی مظاہرہ کر رہے تھے۔ وہیں ریلوے نے منگل کو کہا تھا کہ احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ کرنے سمیت غیر قانونی سرگرمیوں میں شامل طلبا اور دیگر لوگوں کی ریلوے میں بھرتی پر پابندی لگا دی جائے گی۔ بہار میں احتجاجی مظاہرہ کے دوران پٹنہ سمیت کئی مقامات پر ریل کی پٹری پر نوجوانوں کے بیٹھ جانے کے حادثہ کے ایک دن بعد ریلوے کا یہ بیان آیا ہے۔
ایک عام نوٹس میں ریلوے نے کہا، ’اس طرح کی بے سمت سرگرمیاں بے ضابطگی کی انتہا ہے، جو ایسے لوگوں کو ریلوے میں بھرتی کو نااہل بنادیتی ہے۔ اس طرح کی سرگرمیوں کے ویڈیو کا جائزہ لیا جائے گا۔ غیر قانونی سرگرمیوں میں شامل طلباء یا نوکری کے خواہشمند دیگر لوگوں کی ریلوے میں بھرتی پر تاحیات پابندی عائد کردی جائے گی۔ ایسے لوگ اپنے خلاف پولیس کارروائی کے لئے خود ذمہ دار ہوں گے‘۔