پٹنہ :(ایجنسی)
آر آر بی- این ٹی پی سی اور گروپ ڈی کے ایگزام میں بدعنوانی کا الزام لگاتے ہوئے بہار میں طلباء نے تیسرے دن بھی اپنا احتجاج جاری رکھا۔ طلباء کا یہ آندولن مشتعل ہو تا جار ہے اورآج انہوں نے ٹرینوں میں آتشزنی اور پتھراؤ کیا۔
گیا میں طلباء نے چلتی ٹرین پر پتھراؤ کیا اور ایک مسافر ٹرین کو آگ لگا دی۔ آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو موقع پر طلب کر لیا گیا ہے۔ اس دوران پلیٹ فارم پر چاروں طرف پتھر ہی پتھر نظر آئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طلباء نے شرم جیوی ایکسپریس کو کافی نقصان پہنچایا ہے اور بھابوا-پٹنہ انٹرسٹی ایکسپریس کو آگ لگا دی ہے۔ طلباء مسلسل پتھراؤ کر رہے ہیں۔ پولیس مشتعل طلباء پر قابو پانے کی پوری کوشش کر رہی ہے لیکن انہیں روکنا ایک بڑا چیلنج ثابت ہو رہا ہے۔
دوسری جانب جہان آباد میں بھی طلبہ نے مسافر ٹرین روک کر مظاہرہ کیا۔ اس دوران طلباء نے ریلوے ٹریک پر ہی ترنگا لہرایا اور آر آر بی اور این ٹی پی سی کے نتائج میں دھاندلی کا الزام لگایا۔
غور طلب ہے کہ گزشتہ دو دنوں سے جاری طلباء کے ہنگامے کو دیکھتے ہوئے وزارت ریلوے نے بدھ کو این ٹی پی سی اور لیول-1 کے امتحانات ملتوی کرتے ہوئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ وزارت ریلوے نے بتایا کہ یہ کمیٹی فیل اور پاس ہونے والے طلباء سے بات کرے گی اور رپورٹ تیار کرکے وزارت ریلوے کو بھیجے گی۔
اس دوران وزارت ریلوے نے طلباء کے شدید مظاہرے کو غیر مہذب قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ جو طلباء ویڈیو میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے جائیں گے انہیں سزا دی جائے گی اور وہ تاحیات ریلوے میں نوکری کے لیے نااہل ہو جائیں گے۔
بتا دیں کہ اس سے قبل پٹنہ میں بھی طلباء پرتشدد مظاہرہ کر چکے ہیں۔ بھیکنا پہاڑی، کدم کنواں اور سید پور علاقوں میں طلباء نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔ تاہم اس دوران پولیس نے صورتحال کو سنبھال لیا۔ مشتعل طلباء نے بہار کے کئی شہروں میں ریل خدمات کو متاثر کیا اور آرا میں ٹرین کو آگ لگا دی تھی۔