نئی دہلی (آرکے بیورو)
میڈیا میں دبنگ دادیاں کے نام سے معروف اسماخاتون کے شدید علیل ہونے کی خبر ہے ۔ انہوں نے 82 سالہ بلقیس اور 75 سالہ سرروی کے ساتھ سی اے اے – این آر سی کے خلاف شاہین باغ میں پرامن دھرنے کا حصہ بننے کے بعد میڈیا کی سرخیوں میں خاص جگہ بنالی تھی۔ ان کے پوتے انیس الرحمٰن کے مطابق ان دنوں بیمار ہیں اور اسپتال میں داخل ہیں۔ نیوز پورٹل اوکھلا ٹائمس نے یہ خبر دی ہے ۔
مسٹر رحمٰن نے کچھ دن قبل اپنی ٹائم لائن پر لکھا ’’وہ بیمار ہیں اور کئی دنوں سے کھانا پینا بند کردیا ہے ۔ براہ کرم ان کے جلد ٹھیک ہونے کی دعا کریں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے فوٹو بھی شیئر کیاتھا۔ انہوں نے بتایاکہ دادی کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ 94 سالہ اسما خاتون کے لیے دعائےصحت کریں ۔
یہ دادی اپنی بات کوبہت زور دار طریقہ اور سادہ دیہاتی انداز میں مگر پوری قوت کے ساتھ میڈیا کے سامنے موقف رکھتی تھیں ۔ ان کو قومی وبین الاقوامی میڈیا نے کور کیا۔ ان کی ساتھی 82سالہ بلقیس کو معروف امریکی میگزین ٹائم نے 2020 میں سب سے طاقتور لوگوں کی فہرست میں جگہ دی تھی۔ اسما خاتون کاتعلق بہار کے سیتا مڑھی سے ہے ۔ ان کے شوہر مولانا عبدالحسن کا 9 سال قبل انتقال ہوگیا تھا۔ نیوزپورٹل اوکھلا ٹائمس کے مطابق وہ دسمبر میں اپنی پوتی سے ملنےدہلی آئی تھیں، پھر وہ پرامن دھرنے کا حصہ بن گئیں۔ ان کے آٹھ بچے ہیں جن میں 4 بیٹے اور 4 بیٹیاں ہیں۔ دو بیٹے دہلی میں رہائش پذیر ہیں۔