ممبئی:(ایجنسی)
مہاراشٹر کے کابینہ وزیر اور شیوسینا لیڈر ایکناتھ شندے کے بغاوت کے بعد ریاست میں سیاسی بحران کے درمیان، شیوسینا نے پارٹی سے تمام باغی ایم ایل ایز کو واپس لوٹنے کی اپیل کی ہے۔ پارٹی کے ایم پی سنجے راوت نے کہا کہ واپس آئیے، آمنے سامنے بات کریں نہ کہ وہاٹس ایپ اور ٹویٹ کے ذریعے۔ شیوسینا کے دو باغی ایم ایل ایز کی واپسی کے بعد سنجے راوت نے پریس کانفرنس کرکے بتایا کہ شیوسینا کے باغی ایم ایل ایز 24 گھنٹے میں واپس لوٹ آئیں ۔ ہم مہا وکاس اگھاڑی سے نکلنے پر غور کریں گے ۔
ایم وی اے سے باہر نکلنے پر غور کریں گے
راوت نے کہا، ’’ان لوگوں (ٹیم شندے) کی ممبئی آنے کی ہمت نہیں ہے۔ انہیں یہاں آکر جو کچھ کہنا ہے وہ کہنا چاہئے۔ یہاں آکر خط و کتابت کریں، لیکن یہ سب لوگ گوہاٹی میں بیٹھ کر باتیں بنا رہے ہیں۔ اگرآپ میں ہمت ہے تو ممبئی واپس آیئے۔ اپنی بات ادھو ٹھاکرے کے سامنے رکھیں۔ مجھے یقین ہے کہ آپ کی بات سنی جائے گی۔ 24 گھنٹے کے اندر واپس آیئے ۔ایم وی اے سےباہر نکلنے پر غور کریں گے ۔‘‘
ایک کلومیٹربھاگ کر چنگل سے نکلنا
پی سی کے دوران، انہوں نے کہا، ’’ٹیم شندے کے 21 ایم ایل اے ہمارے رابطے میں ہیں۔ ہمارے ایم ایل اے کو اغوا کیا گیا ہے۔‘‘ ادھر واپس لوٹ کر آئے شیوسینا ایم ایل اے نتن دیشمکھ نے کہا ،’’ سورت میں بہت زبردست پولیس سیکورٹی تھی، مجھے جبراً سورت لے کر گئے۔‘‘وہیں کیلاش پاٹل نے کہا ،’’مجھے سورت میں قید کرکے رکھا گیا۔ ایک کلومیٹر بھاگ کر چنگل سے نکلا ،کئی ایم ایل ایز مجبوری کے سبب ممبئی نہیں لوٹ پا رہے ہیں ۔‘‘
وہیں سنجے راوت نے کہا کہ ادھو ٹھاکرے جلد ہی وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ ورشا لوٹیں گے۔ اگر فلور ٹیسٹ ہوا تو ہم جیتیں گے کیونکہ ہمارے ایم ایل ایز کو اغوا کیا گیاہے ۔ ہم موجودہ سرکار میں سے باہر نکلنے کو تیار ہے، لیکن جو بھی آپ کی مانگ ہے ، وہ ممبئی آکر بتائیں آپ اگر کہتے ہیں کہ آپ سچے شیوسینا ہیں تو ممبئی لوٹ آئیں۔