نئی دہلی : (ایجنسی)
ویت نام میں آن لائن کلاس اٹینٹ کررہے ایک 11 سالہ بچے کی موبائل سے موت ہوگئی۔ بچہ موبائل چارجنگ پر لگاکر آن لائن کلاس میں شرکت کر رہا تھا۔ اسی دوران موبائل فون میں دھماکے کے بعد بچے کی جلنے سے موت ہوگئی ۔
’دی سن یوکے‘ کی رپورٹ کے مطابق کورونا بحران کے سبب ویت نام میں آن لائن کلاسز کے ذریعہ پڑھائی ہو رہی ہے۔ ایسے میں ایک 11 سالہ طالب علم اسکول سے بھیجے گئے ویڈیو لنک کے ذریعے گھر سے آن لائن سیشن میں حصہ لے رہا تھا۔
ویت نام کے ایک ایجوکیشن افسر نے بتایا کہ بچہ موبائل چارجنگ پر لگا کر کلاس اٹینٹ کر رہا تھا۔ اس نے ایئر فون بھی لگا رکھاتھا، لیکن اس درمیان اچانک موبائل میں دھماکہ ہوگیا اور بچے کے کپڑوں میں آگ لگ گئی، جس سے جل کر اس کی موت ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق اس حادثے کے بعد بچے کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا ، لیکن وہ دم توڑ تھا۔ حادثہ 19 اکتوبر کی شام کو پیش آیا۔ حالانکہ ابھی یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ بچہ کس طرح کا فون یا چارجر استعمال کررہا تھا۔ فی الحال پولیس معاملے کی جانچ کررہی ہے۔
اس واقعے کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ ویت نام کے ضلع نامدان میں اسکول اب کھل گئے ہیں ، لیکن کورونا کی وجہ سے بچوں کو ہفتے میں ایک دن آن لائن کلاسز میں شرکت کرنا ہوتا ہے ۔ یہ بچہ بھی آن لائن کلاس اٹینٹ کرر ہا تھا، تبھی اس کے ساتھ درد ناک حادثہ ہو گیا ۔