نئی دہلی:ہندوستان نے اس ماہ کے شروع میں پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو مئی میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ میں شرکت کے لیے گوا کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ یہ دعوت پاکستان کے وزیر اعظم کے اس اعتراف کے چند دن بعد آئی ہے کہ پاکستان، ہندوستان کے ساتھ امن سے رہنا چاہتا ہے اور اس نے تین جنگوں سے سبق سیکھا ہے۔
اس دورے کی عارضی تاریخیں 4 مئی اور 5 مئی ہیں۔ ایک میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر پاکستان دعوت قبول کرتا ہے تو یہ 12 سال میں پہلی بار ہو گا کہ پڑوسی ملک پاکستان کا کوئی وزیر خارجہ ہندوستان کا دورہ کرے گا۔ اس سے قبل حنا ربانی کھر نے 2011 میں دورہ کیا۔ چین اور روس کے وزرائے خارجہ کے ساتھ قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ چین کے نئے وزیر خارجہ کن گینگ بھی مئی میں گوا کا دورہ کریں گے۔