نئی دہلی :(ایجنسی)
رمضان کا مبارک اور مقدس مہینہ چل رہا ہے۔ رمضان کے روزے مکمل کرنے کے بعد عید کی خوشی منائی جاتی ہے۔ اس کا نام عیدالفطر ہے، جو شوال کی پہلی تاریخ یعنی یکم شوال کو منائی جاتی ہے۔
آج بعد نماز مغرب رئویت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند کی میٹنگ مولانا حکیم الدین ، جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند کے زیر صدارت ، امارت شرعیہ ہند کے مرکزی دفتر -1،بہادر شاہ ظفر مارگ نئی دہلی میں منعقد ہوئی۔
چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا۔ دہلی میں مطلع ِغبار آلودہے، چاند نظر نہیں آیا۔ ملک کے مختلف مقامات بالخصوص لکھنوؤ، کانپور ، اعظم گڑ ھ، کھرگون، گودھرا، دھولیہ، مہاراشٹرا،بنگلور و، انجار، سیتا پور ، بہرائچ ، بنگال ، آسام، کشمیر ،پنجاب، کرناٹک وغیرہ سے رابطہ کیا گیا ، کہیں سے چاند کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔
اس لئے رئویت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہندتیس کی رویت کا اعتبار کرتے ہوئے اعلان کرتی ہے کہ عید الفطر کی نماز 3مئی 2022ء بروز منگل کو ادا کی جائے گی ( ان شاء اللہ)
واضح رہے کہ شاہی امام مسجد فتحپوری دہلی مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد صدر مسجد فتحپوری رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا کہ آج 29 رمضان المبارک کوعیدالفطر کا چاند نظر نہیں آیاہے،دہلی اور بیرون دہلی سے شوال کے چاند کی کوئی شہادت نہیں ملی، لہٰذا کل بروز پیر 30رمضان المبارک ہے اور عیدالفطر بروز منگل3مئی 2022 کو ہوگی۔