لکھنؤ :(ایجنسی)
اترپردیش اسمبلی انتخابات کے حوالے سے سماج وادی پارٹی نے اپنی پہلی فہرست جاری کردی ہے۔ پہلی فہرست میں 159 امیدواروں کے نام شامل ہیں۔ اس فہرست میں اکھلیش یادو کا نام بھی شامل ہے۔ اکھلیش یادو مین پوری کی کرہل سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔ دوسری طرف، ایس پی کے قد آور لیڈر اعظم خاں کو پارٹی نے رام پور سے میدان میں اتارا ہے، جبکہ ان کے بیٹے عبداللہ اعظم سوار سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔
سماج وادی پارٹی نے کیرانہ سیٹ سے ناہید حسن کو ٹکٹ دیا ہے جو کہ گزشتہ کچھ دنوں سے خبروں میں ہے۔ ناہید حسن گینگسٹر ایکٹ کے تحت جیل میں ہیں۔ اس کے ساتھ ہی جسونت نگر سے شیو پال یادو، نکور سے دھرم سنگھ سینی، سہارنپور دیہات سے آشو ملک، مانٹ سے سنجے لاٹھر، بریلی کینٹ سے سپریا ایرن، اونچاہار سے منوج پانڈے، گھاٹم پور سے بھگوتی ساگر، تندواری سے برجیش پرجاپتی کو امیدوار بنایاہے ۔
پارٹی نے سوامی پرساد موریہ کے بیٹے کو ٹکٹ نہیں دیا، جو حال ہی میں بی جے پی چھوڑ کر سماج وادی پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔ ان کی جگہ منوج پانڈے اونچاہار سے اپنا دعویٰ پیش کریں گے۔