ترکی کے حالیہ صدارتی انتخابات میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے انتہائی قوم پرست امیدوار سنان اوغان نے پیر کے روز اعلان کیا کہ صدارتی انتخابات کے رن آف مقابلے میں وہ موجودہ صدر رجب طیب اردگان کی حمایت کریں گے
14 مئی کو ہونے والے انتخابات کے پہلے مرحلے میں سنان کو 5.2 فیصد ووٹ حاصل ہوئے تھے اور پہلے یہ بات واضح نہیں تھی کہ آیا وہ اردگان کی حمایت کریں گے یا ان کے اہم حریف کمال کلیچدار اولو کا ساتھ دیں گے۔پہلے مرحلے کے صدارتی انتخابات میں طیب اردگان کو 49.3 فیصد ووٹ حاصل ہوئے جبکہ ان کے حریف کمال کلیچدار اولو کو 44.9 فیصد ووٹ ملے تھے۔ کامیابی کے لیے پچاس فیصد ووٹ حاصل کرنا لازمی ہے، اسی لیے 28 مئی کو انتخابات کے دوسرے مرحلے یعنی ‘رن آف’ کا فیصلہ کیا گیا-
پانچ فیصد سے زائد ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر آنے والے صدارتی امیدوار سنان کو کنگ میکر کے طور پر دیکھا جا رہا تھا، جنہوں نے پیر کے روز قومی ٹیلیویژن پر نشر ہونے والے اپنے ایک بیان میں کہا، ”ہم 28 مئی کو ہونے والے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں عوامی اتحاد کے امیدوار رجب طیب اردگان کی حمایت کریں گے۔”