لکھنؤ :(ایجنسی)
اتر پردیش کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس یعنی ڈی جی پی مکل گوئل کو اس لیے ہٹا دیا گیا ہے کیونکہ وہ ’احکامات کی نافرمانی‘ کر رہے تھے۔ یوپی حکومت نے اس معاملے میں حکم جاری کیا ہے۔ یہ پہلا ایسا ہائی پروفائل کیس ہے جس میں یوگی آدتیہ ناتھ کے اقتدار میں آنے کے بعد اتنے بڑے عہدے کے افسر کا تبادلہ کیا گیا ہے۔
حکومت کے حکم میں کہا گیا ہے کہ مکل گوئل کو سرکاری کام کو نظر انداز کرنے، محکمانہ کاموں میں دلچسپی نہ لینےکے سبب ڈی جی پی عہدہ سے فارغ کرتے ہوئے ڈی جی سول ڈیفنس کے عہدے پر بھیجا گیا ہے۔
تاہم حکومتی حکم میں یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ مکل گوئل نے حکومت کے کس حکم کی تعمیل نہیں کی یا وہ محکمانہ کاموں میں کس طرح دلچسپی نہیں لے رہے تھے، یا انہیں کس طرح کی بے عملی کی وجہ سے ہٹایا گیا ہے۔