نئی دہلی:(ایجنسی)
دہلی سرکار نے پرائیویٹ امداد یافتہ اور غیر امداد یافتہ اسکولوں کو حکم دیا ہے کہ وہ یکم ستمبر سے کلاس نویں سے 12 ویں کے لیے اسکول کو پھر سے کھولنے سے پہلے اپنے ٹیچروں اور ملازمین کا ویکسین لگوائیں۔
دہلی حکومت کے محکمہ تعلیم نے اس سلسلے میں ایک سرکلر جاری کیا۔ واضح رہے کہ یہاں کووڈ- 19 کی صورتحال میں نمایاں بہتری کے بعد دہلی حکومت نے جمعہ کو اعلان کیا کہ نویں سے بارہویں کلاس کے اسکول ، کالج اور کوچنگ انسٹی ٹیوٹ یکم ستمبر سے دوبارہ کھل جائیں گے۔
یہ فیصلہ دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) کی میٹنگ میں لیا گیا۔ ڈی ڈی ایم اے کی قائم کردہ ایک کمیٹی ، جس نے اس ہفتے کے شروع میں اپنی رپورٹ پیش کی تھی ، نے قومی دارالحکومت میں مرحلہ وار اسکول کھولنے کی سفارش کی تھی۔
نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے کہا کہ چھوٹی کلاسوں کے حوالے سے حتمی فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔ یہ بھی کہا کہ اس سلسلے میں فیصلہ سینئر کلاسوں کے لیے اسکولوں کے دوبارہ کھولنے کے اثرات کا تجزیہ کرنے کے بعد لیا جائے گا۔