نئی دہلی :(ایجنسی)
کالعدم تنظیم جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ یٰسین ملک کو دہشت گردی کی فنڈنگ کیس میں سزا کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ دہلی کی این آئی اے عدالت نے یٰسین ملک کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ اس کے ساتھ عدالت نے 10 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ بتا دیں کہ این آئی اے نے یٰسین ملک کے لیے سزائے موت کی مانگ کی تھی۔ جمعرات کو عدالت نے یٰسین کو دہشت گردی کی فنڈنگ کیس میں مجرم قرار دیاتھا۔ یٰسین ملک نے سماعت کے دوران اعتراف کیا تھا کہ وہ کشمیر میں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
اس سے قبل یٰسین ملک کو دہلی کی پٹیالہ کورٹ میں لایا گیا تھا۔ عدالت میں سزا پر بحث ہوئی۔ جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ سزا سنانے سے قبل پٹیالہ کورٹ کمپلیکس کی سیکورٹی بڑھا دی گئی تھی۔ کمرہ عدالت کے باہر سی اے پی ایف، اسپیشل سیل کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔
اس دوران کئی لوگ ترنگا لے کر عدالت کے باہر پہنچ گئے ۔ اس کے ساتھ ہی سری نگر کے قریب مائسمہ میں یٰسین ملک کے گھر کے قریب ملک کے حامیوں اور پولیس کے درمیان تصادم کی بات بھی سامنے آئی ہے۔ یہاں پتھراؤ کے بعد سیکورٹی اہلکاروں کو آنسو گیس کے گولے داغنے پڑے۔ یٰسین ملک کا گھر سری نگر کے قریب مائسمہ میں ہے۔ ملک کے گھر کے ارد گرد سیکورٹی فورسز کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ ڈرونز کے ذریعے علاقے کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
آج تک کی خبر کے مطابق یٰسین ملک نے عدالت کو بتایا کہ وہ یو اے پی اےکی دفعہ 16 ( دہشت گرانہ سرگرمی )، 17 ( دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے فنڈز اکٹھا کرنا)، 18 (دہشت گردانہ کارروائی کی سازش) اور 20 (دہشت گرد گروپ یا تنظیم کا رکن ہونا) اور تعزیرات ہند سمیت کئی دفعات 120 بی ( مجرمانہ سازش) و 124A( غداری ) کےتحت خود پر لگے الزامات کو چیلنج نہیں دینا چاہتے ہیں ۔