اعظم گڑھ :
مئو ضلع کے صدر ایم ایل اے دبنگ لیڈر مختار انصاری کی ریمانڈ کو لے کر اعظم پولیس نے گینگسٹر کورٹ میں عرضی لگائی ہوئی ہے۔ جس پر پیر کو سماعت ہونی تھی، لیکن تکنیکی خرابی کے سبب مختار انصاری کی ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ سے کورٹ میں پیشی نہیں ہوسکی۔ تقریباً دو گھنٹے تک لنک ملانے کی کوشش کی گئی اور اس کے بعد جج نے پیر کو ہونے والی سماعت کو ملتوی کرتے ہوئے منگل کو سماعت کی اگلی تاریخ مقرر کردی۔
2014 میں ترواں تھانہ کے ایرا خورد گاؤں میں سڑک تعمیر کے ٹھیکہ کے تنازع میں مختار انصاری کے لوگوں نے ٹھیکیدار پر جان لیوا حملہ کیا تھا ۔ اس حملہ میں ٹھیکیدار تو بال بال بچ گیا تھا لیکن ان کے دو مزدور گولی لگنے سے زخمی ہوگئے تھے۔ دونوں کو اسپتال میں بھرتی کرایا گیا ،جہاں علاج کے دوران ایک مزدور نے دم توڑ دیا ۔ اسی معاملہ میں ترواں تھانہ میں مقدمہ درج کیا گیا۔ جس میں مختار انصاری کو 120 بی کے تحت سازش کرنے کا ملزم بنایا گیا ۔
اسی معاملے میں ، پولیس نے مختار انصاری سمیت 9 لوگوں کے خلاف 2020 میں گینگسٹر ایکٹ میں مقدمہ درج کیا تھا۔ ضلع گینگسٹر کورٹ میں آئی او پرشانت سریواستو کی طرف سے مختار انصاری کے ریمانڈ کی عرصی لگائی گئی۔ اس پر گزشتہ 22 اپریل کو وی سی کے ذریعہ سے سماعت ہوئی تھی۔ جس میں آئی او کو مختار انصاری کا بیان لینے کی اجازت ملی تھی۔ آئی او پرشانت سریواستو کی قیادت میں ان کی ٹیم نے باندہ جیل پہنچ کر بیان بھی درج کیا ۔