بنگلور:(ایجنسی)
کرناٹک کے شیموگہ کے ایک کالج کی کم از کم 58 مسلم طالبات کو حجاب پہن کر کلاس روممیں جانے کی اجازت نہ دئے جانے پر مظاہرہ کرنے کے الزام میں ہفتہ کے روز معطل کر دیا گیا۔ خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کی رپورٹ کے مطابق یہ تمام 58 طالبات شیرالاکوپا کے گورنمنٹ پری یونیورسٹی کالج میں زیر تعلیم ہیں۔
پرنسپل کے مطابق، کالج انتظامیہ، ڈیولپمنٹ کمیٹی نے حجاب پہن کر کلاسز میں جانے کی ضد کرنے والی طالبات کو عدالت عالیہ کے عبوری حکم کے بارے میں سمجھانے کی کوشش کی تاہم انہوں نے ایک نہیں سنی اور حجاب پہننے پر بضد رہیں۔ لہٰذا انہیں عارضی طور پر کالج سے معطل کر دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مشتعل طالبات کی کالج عہدیداران کے ساتھ بحث ہوئی، جس کے بعد پولیس نے انہیں منتشر کرنے کے لئے مداخلت کی۔
بیلگاوی، یادگیر، بیلاری، چتردورگم اور شیموگہ ضلع میں بھی اس وقت کشیدگی پھیل گئی جب حجاب پہن کر آئیں طالبات نے کلاسز میں جانے کی اجازت طلب کی۔ بیلگاوی کے وجے پیرا میڈیکل کالج کی انتظامیہ نے احتجاج کے پیش نظر تعطیل کا اعلان کیا ہے، وہی ہریہر میں ایس جے وی پی کالج کی طالبات نے حجاب معاملہ میں چل رہی سماعت کے دوران کوئی بھی مذہبی علامت نہیں پہننے کے فیصلے کے بعد کلاسز سے محروم ہونے کے خلاف کلاسز کا بائیکاٹ کر دیا۔
اس کے علاوہ بیلاری کے سرلا دیوی کالج میں حجاب پہن کر آئیں طالبات کو جب کلاسز سے باہر کر دیا گیا تو وہ کھیل کے میدان میں جمع ہو گئیں۔ انہوں نے پولیس سے بات کرنے سے انکار کر دیا اور انہیں پریشان نہیں کرنے کی درخواست کی۔ ادھر، کوڈاگو میں حجاب پہن کر آئیں طالبات نے گیٹ کے سامنے تختیاں لے کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔