دہلی کے پچھم وہار علاقے میں خالصتان کی حمایت میں نعرے لکھے گئے۔ یہ نعرے سکھ فار جسٹس (SFJ) نے لکھے ہیں۔ اب تک خالصتان کے حق میں نعرے لکھنے کے واقعات پنجاب میں ہوتے تھے لیکن اب دہلی میں ایسا واقعہ رونما ہونے سے معاملہ سنگین ہوگیا ہے۔ حال ہی میں دہلی پولیس نے کچھ مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا، جن کے رابطے خالصتان موومنٹ کے رہنماؤں سے پائے گئے تھے۔ خالصتانی نعرے لکھے جانے کے بعد دہلی پولیس ہائی الرٹ ہے۔
ستیہ ہندی ڈاٹ کام کے مطابق دہلی پولیس کے پی آر او سمن نلوا نے کہا کہ دہلی کے پسم وہار میں ایک دیوار پر ‘خالصتان زندہ باد’ اور ‘ریفرنڈم 2020’ کے نعروں کے ساتھ گرافٹی دکھائی دی تھی، جسے اب ہٹا دیا گیا ہے۔ پی آر او سمن نلوا نے کہا کہ یہ سیکورٹی سے متعلق مسئلہ نہیں ہے۔ اس معاملے میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔
یوم جمہوریہ کی تقریبات میں صرف 6 دن باقی ہیں۔ ایسے میں اس طرح کے واقعہ نے دہلی پولیس کی سیکورٹی تیاریوں پر سوال کھڑے کر دیے ہیں۔ تاہم ہر بار کی طرح اس بار بھی دہلی پولس نے کئی دہشت گردوں کو پکڑنے کا دعویٰ کیا اور کہا کہ یوم جمہوریہ کے لیے سیکورٹی سخت ہے۔ لیکن خالصتان کے حق میں نعرے کھلے عام دیواروں پر لکھنا ایک سنگین واقعہ ہے۔ فی الحال پولیس کے پاس اس بات کا کوئی سراغ نہیں ہے کہ آیا یہ نعرے کسی خاص شخص نے لکھے ہیں یا کوئی گروہ ہے جس نے ایسی حرکت کی ہے۔ دہلی پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سکھس فار جسٹس خبروں میں رہنے کے لیے ایسی حرکتیں کر رہی ہے۔