نئی دہلی: پنجاب میں علیحدگی پسند سرگرمیوں کو ہوا دینے کی کوشش کرنے والے اور ’وارث پنجاب دے‘ کے لیڈر امرت پال سنگھ کو پولیس ریاست بھر میں تلاش کر رہی ہے تاہم وہ پولیس کی پہنچ سے دور ہے۔ دریں اثنا، خالصتان تحریک کے لیڈر امرت پال سنگھ کے چار معاونین کو اتوار کے روز آسام کے ڈبروگڑھ لے جایا گیا۔ چاروں کو ڈبروگڑھ پہنچانے کے لئے ہندوستانی فضائیہ کے خصوصی طیارے کا استعمال کیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر چاروں ملزمان کو ڈبروگڑھ سینٹرل جیل میں قید رکھا جائے گامفرور قرار دیئے جا چکے امرت پال سنگھ کی گرفتاری کے سلسلے میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے پولیس نے سی آر پی ایف کے جوانوں کے ساتھ پنجاب بھر میں فلیگ مارچ کیا۔ عوامی سلامتی کے مفاد میں حکومت نے وائس کالز کے علاوہ ایس ایم ایس اور موبائل انٹرنیٹ خدمات کی معطلی کو پیر کی سہ پہر تک بڑھا دیا۔