غزہ پر وحشیانہ بمباری کرنے والی اسرائیلی فوج کو حماس کے ہاتھوں بھاری نقصان کا انکشاف ہوا ہے۔ اسرائیلی فوج نے 7 اکتوبر سے اب تک 425 فوجیوں کی ہلاکت اور 5 ہزار سے زائد زخمیوں کا اعتراف کرلیا۔اسرائیلی دفاعی حکام سے متعلق اسرائیلی میڈیا نے اعتراف کیا کہ غزہ جنگ میں اب تک 425 فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔
اب تک 5 ہزار سے زائد اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے، جن میں سے 58 فیصد شدید زخمی ہیں۔
میڈیا نے کہا کہ غزہ جنگ میں 2 ہزار سے زائد اسرائیلی فوجی معذور ہوچکے ہیں، دفاعی حکام اعتراف کر رہے ہیں کہ ہم نے کبھی بھی ایسی صورتحال نہیں دیکھی۔
دفاعی حکام نے مزید کہا کہ اسپتال لائے گئے 7 فیصد اسرائیلی فوجی نفسیاتی دباؤ کا شکار ہیں، ہم جانتے ہیں نفسیاتی دباؤ کا شکار اسرائیلی فوجیوں کی تعداد تیزی سے بڑھے گی۔
دریں اثنا امریکی صدر نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت کے لیے کانگریس کو نظر انداز کردیا، فلسطینیوں پر برسانے کے لیے اسرائیل کو ٹینکوں کے 14 ہزار گولے بیچنے کی اجازت دیدی۔امریکی محکمہ خارجہ نے فروخت سے امریکی کانگریس کو آگاہ کردیا، ان ہتھیاروں کی مالیت 10 کروڑ 65 لاکھ ڈالر ہے