لکھیم پور (ایجنسی)
سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو بھی جمعرات کو لکھیم پور پہنچے اور متاثرہ پریواروں سے ملے۔ اکھلیش لکھیم پور میں مارے گئے کسان لوپریت سنگھ کے اہل خانہ کے علاوہ صحافی رمن کشیپ کے گھر والوں سے ملے اور انہیں تسلی دی۔ انہوں نے کہاکہ سرکار قصور والوں کو جلد گرفتار کر کے متاثرین کوانصاف دے۔ انہوںنے یہ بھی کہاکہ اس واقعہ کی جانچ ریٹائرڈ نہیں سیٹنگ جج کی مانٹیرنگ میں ہو ۔
اکھلیش نے کچھ دن پہلے بھی لکھیم پور کھیری جانے کی کوشش کی تھی لیکن اترپردیش پولیس نے انہیں وہاں جانے سے روک دیا تھا۔ اس کے بعد اکھلیش یادو لکھنؤ میں ہی دھرنے پر بیٹھے گئے تھے ۔تب ان کی رہائش گاہ کے باہر ایس پی کارکنوں کی بھیڑ لگ گئی تھی ۔
اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات قریب تر آگئے ہیں ۔ لکھیم پور کھیری کے واقعہ میں کسانوں کو روندےجانے کے جو ویڈیو سامنے آئےہیں ،انہیں لے کر اپوزیشن اور عام لوگ سرکار سے سوال پوچھ رہے ہیں کہ کسانوں کو روندنے والے اب تک آزاد کیوں گھوم رہے ہیں ۔